مہر خبررساں ایجنسی نے فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ عراقی شہری علاقوں سے امریکی فوج کے انخلا کے بعد عراقی فوج نے دارالحکومت بغداد اور دیگر شہروں کا کنٹرول سنبھال لیا ہے اور پورے ملک میں قومی جشن منایا جارہا ہے۔ عراق پر حملے کے چھ برس بعد بالآخر امریکی فوجیں ملک میں امن و امان کی ذمہ داری عراقی فوجوں کے سپرد کرکے خود شہری علاقوں سے باہر نکل رہی ہیں۔عراق کے وزیر اعظم نوری المالکی نے آج منگل کو قومی خود مختاری کا دن قرار دیا ہے بغداد میں آتش بازی کا مظاہرہ ہوا اور خوشیوں کی تقریبات منائی گئیں۔ حالیہ حملوں کے باوجودامریکی فوجی کمانڈر اس انتقال اختیارات کو ایک سنگ میل قرار دے رہے ہیں۔تاہم امریکی فوجیں اب بھی عراق میں موجود رہیں گی اور عراقی فوجی دستوں کے ساتھ منسلک رہیں گی۔ ان ایک لاکھ تیس ہزار فوجوں کی اصل واپسی 2011 میں ہوگی۔عراق میں امریکی سالاری میں جنگی کارروائیاں ستمبر دو ہزار دس تک ختم ہو جائیں گی جبکہ عراق سے تمام امریکی فوجی سنہ دو ہزار گیارہ کے آخر تک چلے جائیں گے۔
البتہ سکیورٹی کا انتظام امریکی ہاتھوں سے عراقی ہاتھوں میں آنے کے موقع پر عراقی فوجی پوری طرح الرٹ ہیں کہ کہیں کوئی تخریبی کارروائی نہ ہوجائے۔
آپ کا تبصرہ